پانچ فیصد سے کم کورونا شرح والے اضلاع میں سکول کھولنے کا فیصلہ

Published On 19 May,2021 05:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پانچ فیصد سے کم کورونا مثبت والے اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ان اضلاع میں تمام سکول 24 مئی کو کھل جائیں گے۔

تفصیل کے مطابق این سی او سی کا یہ اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت ہوا جس میں صحت کے معاون خصوصی، سندھ کے وزیر صحت اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں 150 افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی تقریبات کی بھی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سیاحت کا شعبہ بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی، تاہم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

این سی او سی نے چوبیس مئی سے آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس بھی کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔ ریسٹورنٹس رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ٹیک آوے کی اجازت چوبیس گھنٹے ہو گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزارات، سینما ہالز، ان ڈور ڈائننگ، ان ڈور جم اور تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جوگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

ان ڈور اور آؤٹ ڈور ثقافتی، میوزیکل، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر بھی پابند ی رہے گی جبکہ بین الصوبائی سرکاری ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ ٹرانسپورٹ بائیس مئی سے ہفتہ میں دو دن بند ہوگی۔

یکم جون سے ہسپتالوں میں پہلے سے طے آپریشنز کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ گدانی اور مصری شاہ انڈسٹری بھی جمعرات سے کھل جائے گی۔ ایس او پیز کے حوالے سے دوبارہ جائزہ اجلاس 27 مئی اور 7 جون کو ہوگا۔

دوسری جانب وزارت تعلیم نے پروفیشنل اور امتحانی اداروں کو امتحانات لینے کی اجازت دے دی ہے۔ ایس او پیز کے تحت امتحانات لیے جا سکیں گے۔ تاہم امتحانات کے لیے وزارت تعلیم سے اجازت لینا لازم ہوگا۔ تاریخ، شہر، تعداد اور سینٹرز سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی تیسری لہر کا قہر، مہلک وائرس مزید 104 جانیں لے گیا

خیال رہے کہ آج کورونا وائرس سے مزید 104 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 256 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں 3 لاکھ 29 ہزار 913، سندھ میں 3 لاکھ ایک ہزار 247، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 27 ہزار 609، بلوچستان میں 24 ہزار 64، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 439، اسلام آباد میں 79 ہزار 552 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 360 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 25 لاکھ 52 ہزار 339 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 771 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 99 ہزار 951 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 549 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 104 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 856 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 563، سندھ میں 4 ہزار 835، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 827، اسلام آباد میں 735، بلوچستان میں 270، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 519 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement