صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے 24 گھنٹے گزر گئے، سکول کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا

Published On 21 May,2021 05:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم سکولز پنجاب مراد راس نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ 24 گھنٹوں کے اندر اعلان کروں گا کہ پنجاب میں کب اور کون سے اضلاع میں سکول کھولیں گے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کیا تھا۔ انہوں نے اپنی یہ ٹویٹ گزشتہ روز صبح 9 بج کر 40 منٹ پر کی تھی لیکن 24 گھنٹوں سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود ان کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول کھولنے یا مزید بند رکھنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ لاہور میں کورونا کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے کے باعث سکول نہیں کھلیں گے۔

تاہم جن اضلاع میں کورونا کی شرح 5 فیصد سے کم ہے وہاں سکول کھول دیئے جائیں گے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ سکول کھولنے کے حوالے سے 5 فیصد کی شرح کو بڑھا دیا جائے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سکول کھولنے یا مزید بند رکھنے کا حتمی فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی نظامت تعلیمات نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں 6 جون تک توسیع کر دی ہے، 7جون کو ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی کے 3 جون کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر اکیڈمکس سعدیہ عدنان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح تقریباً چھ فیصد ہونے کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کر دی گئی ہے۔

 

Advertisement