چھوٹے موٹے اختلافات ہو جاتے ہیں، عمران خان کی قیادت میں سب اکٹھے ہیں: فواد چودھری

Published On 22 May,2021 03:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہر خاندان میں چھوٹے موٹے اختلافات ہو جاتے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم سب اکٹھے ہیں، علی ظفر کی رپورٹ پر انہیں اور ہمیں اعتماد ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے جہانگیر ترین گروپ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کا مؤقف تفصیل سے سنا، بنیادی چیزوں پر ہم سب اکٹھے ہیں، نعمان لنگڑیال اور دیگر افراد سے دوسری نسل کا تعلق ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن کے تجربے سے پارٹی کو استفادہ کرنا چاہیئے، ہمارے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت تھی، جہانگیر ترین کے معاملات پر پہلے بھی واضح مؤقف رکھا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم سب اکٹھے ہیں، اپوزیشن کو غلط فہمی ہوجاتی ہے کہ پی ٹی آئی میں اختلافات ہوگیا، امید ہے اب اپوزیشن کی لڈیاں ختم ہو جائیں گی، چاہتے ہیں علی ظفر کی رپورٹ پبلک کی جائے، رنگ روڈ منصوبے میں پیسے کھائے نہیں بچائے گئے، صرف عمران خان کی حکومت میں ہوتا ہے کہ معاملات کی تحقیقات ہوتی ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر فواد چودھری نے لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کے ظہرانے میں شرکت کی۔ ظہرانہ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی رہائش گاہ پر دیا گیا۔ ملاقات کے دوران جہانگیر ترین گروپ کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

فواد چودھری نے سعید اکبر نوانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے سارے جٹ اکٹھے کر لیے۔ جس پر اجمل چیمہ نے جواب دیا کہ دھماکا ایسے ہونا ہی تھا، آپ کون سا کسی کمزور کی سنتے ہیں۔


 

Advertisement