لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کی سعی لاحاصل رہے گی، پی ڈی ایم کا منفی سیاسی بیانہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غیر فطری اتحاد منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے، پی ڈی ایم پاکستان کی سیاسی تاریخ کا واحد اتحاد تھا جو بنتے ہی بکھر گیا، نااہل اور نالائق اپوزیشن ٹولے کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، عوام نے مسترد شدہ عناصر کو یکسر رد کر دیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کمیشن اور کک بیکس سے کمائی دولت کو بچانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے، ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ 40 چوروں کی بیٹھک کا کوئی مقصد نہیں، یہ استعفوں اور لانگ مارچ کی طرح تحریک چلانے کی بھی ہمت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی شفاف اور جرات مند قیادت کے ہوتے ہوئے ان کو قومی وسائل لوٹنے کا حساب دینا ہوگا۔