بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے پاکستان کی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس میں فلسطین اسرائیل تنازع کے دوران انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی جائیں اور دو ریاستی حل پر عمل در آمد کیلئے سازگار تمام کوششیں کی جائیں۔
اس حمایت کا اعلان چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ZHAO LIJIAN نے بیجنگ میں بریفنگ کے دوران کیا۔
ترجمان نے کہا کہ چین کو بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین خطے میں ترقی اور خوشحالی کے مقصد کے لئے تزویراتی طور پر متحد ہیں۔ دونوں ملک اس سلسلے میں کوششوں کو یکجا کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن اور ترقی کے مقصد کے حصول کے لئے اپنی کوششوں کو یکجا کر رہے ہیں۔
معید یوسف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری صف اول کا ایک منصوبہ ہے جس کی کامیابی دونوں ملکوں کے لئے یکساں طور پر اہم ہے۔
سفیر نونگ رونگ نے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور پائیدار شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں وزیراعظم نے ڈاکٹر معید یوسف کو مشیر قومی سلامتی کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔
ڈاکٹر معید یوسف کو مشیر قومی سلامتی کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جس کے بعد ڈاکٹر معید یوسف کو وفاقی وزیر کے برابر اختیارات مل چکے ہیں۔