دنیا کو مل کر اسلاموفوبیا کی روک تھام کیلئے جدوجہد کرنی ہے، مولانا طاہر اشرفی

Published On 08 June,2021 08:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر محمود اشرفی نے اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر اسلاموفوبیا کے مسئلہ کو اجاگر کیا، اگر اس حوالہ سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں تو دنیا میں کینیڈا میں پیش آنے والے ہولناک واقعہ کی طرح واقعات کا اعادہ نہ ہو، عالمی سطح پر ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دنیا کا کوئی بھی مذہب انتہا پسندی اور دہشت گردی کا درس نہیں دیتا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے تمام اسلامی ممالک،یورپی ممالک، کینیڈا، برطانیہ اور امریکہ کو ہمیشہ یہ دعوت دی ہے کہ اسلامو فوبیا اور اس طرح کی کارروائیوں کے حوالہ سے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھا لئے جاتے یا اٹھائے جائیں تو جس طرح کینیڈا میں گزشتہ روز اندوہناک واقعہ پیش آیا ، دنیا میں اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، اسلاموفوبیا جیسی کارروائیوں کے خلاف ہم سب ایک ہیں۔ طاہر اشرفی نے کہاکہ انشاء اﷲ (آج) بدھ کو تمام مکاتب فکر کے عمائدین اس حوالہ سے اپنا موقف دیں گے۔

دنیا کو مل کر اسلاموفوبیا اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے جدوجہد کرنی ہے، عالمی سطح پر اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے کہا کہ یہ کینیڈا کی حکومت کا واضح موقف ہے کہ ہمارے معاشرے میں کسی قسم کی مذہبی عدم برداشت کی قطعی اجازت نہیں ہے، خواہ وہ اسلاموفوبیا ہو،کسی قسم کی منافرت یا امتیازی رویہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز کینیڈا میں جو گھنائونا واقعہ پیش آیا، اس حوالہ سے ذمہ داران کے خلاف کینیڈا کے قوانین کے مطابق سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
 

Advertisement