ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمعہ کو پیش کرنے کا فیصلہ

Published On 17 June,2021 12:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تحریک قومی اسمبلی کے قاعدہ 12 اور آئین کے آرٹیکل 53 کی شق 7 کے تحت پیش کی جائے گی۔

تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے دن ایوان میں کوئی اور کاروائی نہیں ہوگی۔ ڈپٹی سپیکر تحریک پر فیصلہ ہونے تک اجلاس کی صدارت نہیں کر سکے گا۔ تحریک پر ایک چوتھائی سے زیادہ اپوزیشن ارکان کے دستخط ہیں۔ تحریک کی حمایت کے لیے بھی ایک چوتھائی اراکین (86) کی حمایت لازمی ہوگی۔ اپوزیشن مذکورہ تعداد پورا نہ کر سکی تو تحریک مسترد سمجھی جائے گی۔

تحریک پر بحث بھی کروائی جائے گی۔ ڈپٹی سپیکر کو بھی 15 منٹ الزامات کا جواب دینے کے لیے موقع دیا جائے گا۔ تحریک پر ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی۔ اراکین کی اکثریت سے قرارداد منظور ہو جانے پر ڈپٹی سپیکر اپنے عہدے سے برطرف قرار پائے گا۔ اس وقت ایوان میں حکومت اور اتحادی اراکین کی تعداد 180 ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے اراکین کی تعداد 162 سے زائد ہے۔
 

Advertisement