لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پرچی شہزادہ آزاد کشمیر الیکشن کی انتخابی مہم میں گلہ پھاڑ پھاڑ کر تقاریر کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پرچی شہزادہ آزاد کشمیر الیکشن کی شکل میں ایک اور ناکامی گلے لگانے کے قریب ہے، آزاد کشمیر کے غیور و باشعور لوگ جوق در جوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام الیکشن سے قبل ہی اپنا فیصلہ کپتان کے حق میں دے رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام ن لیگ اور پیپلز پارٹی قیادت کی سیاہ کاریوں اور گھناؤنے چہروں کو جان چکے ہیں، جعلی راجکماری اور پرچی شہزادے کو گلگت بلتستان الیکشن میں تاریخی ہزیمت اٹھانا پڑی، کشمیر الیکشن میں بھی پرچی شہزادے اور جعلی راجکماری کے لئے نتائج مختلف نہ ہونگے۔