اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ایک اہم اجلاس میں ملک بھر میں عائد پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے فیصلوں کا اختیار صوبائی حکومت کو دے دیا گیا۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن لگوانے والے افراد کے لیے سینماز بھی رات ایک بجے تک کھلیں گے۔ ریسٹورنٹس میں پچاس فیصد لوگوں کیساتھ ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہو گی۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرے گی۔
آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ ان ڈور شادی کی تقریب میں 200 افراد شرکت کر سکیں گے۔ پابندیوں میں نرمی کا اطلاق یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوگا۔
میڈیکل سٹور، پٹرول پمپس اور کریانہ سٹور 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ تاہم ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی، مزارت کو ایس او پیز کے اطلاق کے ساتھ دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔
پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 فیصد مسافروں کیساتھ چلنے جبکہ تفریحی مقامات اور سوئمنگ پول 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولے جا سکیں گے۔
تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے فیصلوں کا اختیار صوبائی حکومت کو دے دیا گیا ہے۔