کراچی سمیت صوبے بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز

Published On 05 July,2021 09:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت صوبے بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2021 کا آغاز ہوگیا۔ نویں اور دسویں جماعت کے طالبعلموں کے صرف اختیاری مضامین کے پرچے لئے جائینگے۔ پرچوں کا دورانیہ دو گھنٹوں پر محیط ہوگا۔

میٹرک بورڈ کے تحت ایک برس بعد نویں اور دسویں جماعت کے طالبعلم امتحانات دیں گے۔ نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2021 کیلئے 438 امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔ اس سال امتحانی مراکز میں 185 سرکاری سکول اور 253 نجی سکول شامل ہیں۔ طالبات کیلئے 201 اور طلباء کیلئے 237 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔

نویں اور دسویں جماعت کیلئے مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار 249 طلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے۔ نویں جماعت کے سائنس گروپ میں ایک لاکھ 56 ہزار 512 جبکہ دسویں جماعت میں ایک لاکھ 54 ہزار 57 امیدوار شریک ہوں گے۔ جنرل گروپ کے امتحانات میں 37 ہزار 680 امیدوار شریک ہو رہے ہیں۔

کووڈ کی وبائی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ سال 2020 میں بغیر امتحانات لئے طالبعلموں کو ون ٹائم پالیسی کے تحت طالبعلموں کو پروموٹ کیا گیا تھا۔ دسویں جماعت کے جنرل گروپ کا معاشیات اور اسلامک اسٹڈیز کے پرچہ کے اوقات کار دن ڈھائی بجے سے ساڑھے چار بجے تک ہیں۔ امتحانات کے دوران کووڈ 19 کی وباء کے باعث ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
 

Advertisement