کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ایکسپو سینٹر میں تنخواہ نا ملنے پر ویکسینیشن عملے نے کام چھوڑ دیا۔ ڈاکٹرز ہی رجسٹریشن اور ویکسینیشن کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں ملازمین کے احتجاج کے باعث ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا عمل معطل ہو گیا۔ ایکسپو سینٹر میں قائم کورونا ویکسی نیشن مرکز میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈیٹا انٹری آپریٹرز نے تین ماہ سے تنخواہ نا ملنے پر احتجاجاً کام چھوڑ دیا۔ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد سے زائد ہو گئی۔
ایکسپو سینٹر میں تقریباً 300 کے قریب ورکرز رجسٹریشن کے کام پر مامور ہیں۔ مظاہرین کی جانب سے پلے کارڈ اٹھا کر ایکسپو سینٹر کے باہر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ تنخواہ نہیں تو کام بھی نہیں، ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔ کنٹریکٹ ملازمین کے احتجاج کے باعث ویکسین لگوانے کے لیے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔