شہباز شریف کا صنعتوں اور سی این جی شعبے کو گیس فراہمی کی بندش پر اظہار تشویش

Published On 18 July,2021 12:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں صنعتوں اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی فراہمی کی مکمل بندش پر اظہار تشویش کردیا، کہتے ہیں کہ گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو بدانتظامی کی انتہا ہے۔

صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ گذشتہ مہینے سے بجلی اور گیس کی لامتناہی لوڈ شیڈنگ کا افسوسناک سلسلہ جاری ہے، ملک میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، اس سے بھیانک بدانتظامی اور کیا ہو سکتی ہے؟ حالات واقعات نے پی ٹی آئی کے اس دعوے کو جھوٹ ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ (ن) نے زیادہ بجلی بنا دی، وقت نے ثابت کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھائی۔

شہبازشریف نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی دولت کمانے کی ہوس اور بدترین نااہلی ہے، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور اس کی کابینہ ہے، مقامی صنعت اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی مکمل بندش قوم کے لئے ایک اور بری خبر ہے، اس سے پہلے گیس بحران کا ملبہ پی ٹی آئی نے ایل این جی ٹرمینل کی دو روزہ بندش پر ڈالا تھا۔
 

Advertisement