'آٹا چور، چینی چور جان چھوڑ دیں، اب ووٹ مانگنے کے بجائے عوام سے معافی مانگو'

Published On 12 July,2021 01:11 pm

وادی لیپہ: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ آٹا چور، چینی چور، دوائی چور جان چھوڑ دیں، آزاد کشمیر الیکشن پر نظر لگا کر بیٹھنے والا ووٹ چور کامیاب نہیں ہوسکتا، اب ووٹ مانگنے کے بجائے عوام سے معافی مانگو۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی لیپہ کے عوام کو کشمیر کے بیٹے نواز شریف، شہباز شریف کا سلام، کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کشمیر میں پھر شیر آ رہا ہے، ایک ووٹ چور یہاں نظر لگا کر بیٹھا ہے، آٹا چورو، چینی چورو، جان چھوڑو، وفاق سے ملنے والا بجٹ کشمیریوں کا حق ہے، انتخابی مہم نے مجھے کشمیر کے چپے چپے سے واقف کرا دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سنا ہے عمران خان یہاں ووٹ مانگنے آ رہے ہیں، کیا کشمیر کی ترقی روکنے، آٹا، چینی چوری کرنے آ رہے ہیں، عمران خان نے تین سال میں پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا، عمران خان آئیں تو ان سے پوچھنا کیا کشمیر کو بھی ریورس گیئر لگانے آئے ہیں، روزہ داروں کو ایک کلو چینی کیلئے قطاروں میں لگایا گیا، عمران خان کی نالائقی، نااہلی سے کئی عوام متاثر ہو رہے ہیں، انسولین کی چھوٹی سی شیشی 1100 روپے کی ہوگئی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کئی لوگ ذاتی مفاد کیلئے نواز شریف کیخلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں، پاک فوج کی تنخواہیں نواز شریف دور میں بڑھیں، عمران خان کے دور میں فوجی جوانوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے لیگی رہنماؤں کو سرخرو کر دیا، بزدل مقابلہ نہیں کرسکتے، وزراء لوگوں میں پیسے بانٹتے پکڑے گئے، سلیکٹرز کو ساتھ ملا کر جیتنے والوں کا بیانیہ منہ کے بل گرگیا، جعلی حکمرانوں کی سادہ اکثریت کو لالے پڑے ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک جماعت ایسی ہے جو ووٹ چوری کرنے کی ماہر ہے، وہ جماعت الیکشن کمیشن کا عملہ اٹھا کر لے جاتی ہے، جب الیکشن کمیشن کا عملہ برآمد ہوا تو سب کے منہ لٹکے ہوئے تھے، تحریک انصاف کی کشمیر میں حالت پتلی نظر آتی ہے۔

Advertisement