تحصیل بلوچ: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ پہلے عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں ڈالا، اب ان کی نظر آزاد کشمیر پر ہے، عمران خان پر نواز شریف کا نام سن کر ہی کپکپی طاری ہوجاتی ہے، الیکشن میں ہار نظر آنے پر اب انہیں انتخابی اصلاحات یاد آ رہی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے تحصیل بلوچ میں جلسے سے دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب ان کی نظریں آزاد کشمیر پر ہیں، آج عوام پر پٹرول بم گرانے کی سازش کی جا رہی ہے، جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، تیل مہنگا ہونے سے عمران خان کو فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ سائیکل پر دفتر جاتے ہیں، جان بچانے والی ادویات دسویں بار مہنگی کی گئیں، عمران خان نے کشمیر میں حکومت بنائی تو پہاڑ بھی گروی رکھ دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی، نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں کو گروی رکھنے کی سازش کر رہے ہیں، نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکیں عمران خان گروی رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بیچنے کی سازش امریکا میں بیٹھ کر رچائی گئی، کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈال کر 2 منٹ خاموشی کا کہتے ہیں، آزاد کشمیر میں بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے گونج رہے ہیں۔