وزیرخارجہ کا سی ایم ایچ کا دورہ، داسو حادثے میں زخمی چینی شہریوں کی عیادت

Published On 18 July,2021 05:48 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سی ایم ایچ کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے داسو حادثے میں زیر علاج چینی شہریوں کی عیادت کی، اس موقع پر چین کے سفیر نونگ رونگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر خارجہ نے زخمی چینی باشندوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی جبکہ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے تصدیق کی تھی کہ داسو واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے شواہد ملے ہیں۔ وزیراعظم تحقیقات کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چین اورپاکستان دہشتگردی کےخاتمےکیلئے پرعزم ہیں۔ اس واقعے کے بعد ہم چینی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔