اپرکوہستان بس حادثے کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں: شیخ رشید

Published On 17 July,2021 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپر کوہستان بس حادثے کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں، چین کی 15 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے بھی حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا، واقعے میں سی پیک کے دشمن ملوث ہیں، خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے گا، چینی حکومت کو یقین دلاتے ہیں ذمہ داروں کو معاف نہیں کریں گے، چینی شہریوں کی سکیورٹی بڑھا دی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ داسو حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، چین کے وزیر پبلک سکیورٹی سے فون پر رابطہ ہوا، چینی وزیر کو اب تک ہونے والی تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم نے کل وزیر خارجہ کو چین جانے کی ہدایت کی، وزارت داخلہ کو چینیوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدات کی گئی ہے، چین ہمارا ہمالیہ سے بلند ترین دوست ہے، چین کی دوستی ہر محسن کی دوستی ہے، سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ چائنیز کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈز کے اجرا کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جعلی شناختی کارڈز کے معاملے میں نادرا کے 10 ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے، بارڈر مینیجمنٹ کو وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے، پاکستان کے تمام ادارے بارڈر پر چوکس اور چاک و چوبند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، ڈومور کی بجائے اب ادھر سے نومور ہے، اپنی سر زمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہون نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے منسلک ہے، افغانستان میں ہمارا کوئی پسندیدہ نہیں ہے، کوشش ہے افغانستان میں امن قائم ہو، پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے۔
 

Advertisement