گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) نون لیگی رہنما رانا ثنا نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے الیکشن مہم کے دوران ہی اپنا فیصلہ ن لیگ کے حق میں سنا دیا تھا، آج الیکشن میں بھی ن لیگ کامیابی سمیٹے گی۔
لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کے ہمراہ عطا تارڈ اور خرم دستگیر نے گوجرانوالہ میں پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا، رانا ثناء اللہ مسلم لیگ ن کے اکھاڑے گئے کیمپ میں بیٹھ گئے۔ انہوں نے لیگی کارکنوں کو رزلٹ لئے بغیر پولنگ اسٹیشنز سے باہر نہ آنے کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے حکومت پر دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے، پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو رہی ہے۔ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی۔ کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر زفہرستوں میں واضح فرق ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پیپلز پارٹی کا کیمپ اکھاڑ دیا، اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دوران مختلف حلقوں سے سیاسی پارٹیوں کے کیمپ اکھاڑنے کے علاوہ دنگے فساد اور فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔