اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے حلقے پی پی 38 میں پی ٹی آئی کی کامیابی کیلئے فردوس عاشق اعوان نے اہم کردار ادا کیا، ان کی حلقے میں محنت کے باعث کامیابی ممکن ہوئی۔
قبل ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو برسوں لوٹنے والے مافیاز کے بت پاش پاش ہو رہے ہیں، چور تبدیلی کی زد میں آکر ریزہ ریزہ ہو گئے، پی ٹی آئی پورے ملک میں چھا گئی، تبدیلی کا سفر جاری ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی پی 38 کی جیت سے واضح ہوچکا ہے کہ ن لیگ کا پنجاب سے صفایا ہوگیا، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار ملک میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں کامیابی دلوانے پر اہل سیالکوٹ اور پی پی 38 کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔