پاکستان بھارت نہیں، یہاں کسی قسم کی فاشسٹ آڈیالوجی نہیں چل سکتی: فواد چودھری

Published On 06 August,2021 12:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کے جھنڈے میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہمارے لئے ضروری ہے، پاکستان بھارت نہیں، یہاں کسی قسم کی فاشسٹ آڈیالوجی نہیں چل سکتی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہیے، پاکستان کا مستقبل ایک ترقی کرنے والے ملک کا ہے، اقلیتی برادری کے دلوں کو ٹھیس پہنچانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی، خوشی ہے وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان نے مندر پر حملے کا نوٹس لیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں مندر واقعہ کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مندر واقعہ کی مذمت کرتا ہے، ایوان اعادہ کرتا ہے کہ مندر واقعہ پر پوری قوم اقلیتوں کے ساتھ ہیں۔
 

Advertisement