اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی۔
قومی اسمبلی میں پیش کی جانے ولوالی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مندر واقعہ کی مذمت کرتا ہے، ایوان اعادہ کرتا ہے کہ مندر واقعہ پر پوری قوم اقلیتوں کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں رحیم یار خان میں مندر جلانے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد تحریک انصاف کے اقلیتی رکن روی کمار نے پیش کی، جس میں رحیم یار خان میں مندر کے جلاؤ گھیراؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مندر جلانے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہمارے لئے ضروری ہے، پاکستان بھارت نہیں، یہاں کسی قسم کی فاشسٹ آڈیالوجی نہیں چل سکتی، مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہیے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل ایک ترقی کرنے والے ملک کا ہے، اقلیتی برادری کے دلوں کو ٹھیس پہنچانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی، خوشی ہے وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان نے مندر پر حملے کا نوٹس لیا۔