سندھ میں کورونا سے اب تک 74 ڈاکٹرز انتقال کر گئے، شہریوں سے احتیاط کی اپیل

Published On 08 August,2021 09:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کورونا وائرس سے اب تک 74 ڈاکٹرز انتقال کر گئے، معالجین نے شہریوں سے ویکسی نیشن اور احتیاط کی اپیل کی ہے۔ کراچی میں اب بھی ایک ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

کورونا وائرس کی شدت میں کمی نہ آسکی، ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے۔ شہریوں کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائن ورکرز بھی کورونا وائرس کی زد میں ہیں۔ گزشتہ روز کراچی میں دو مسیحا کورونا وائرس کے نتیجے میں انتقال کرگئے۔

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز نے شہریوں سے ویکسینیشن کی اپیل کی ہے۔ اس وباء کے نتیجے میں سندھ میں اب تک 74 ڈاکٹرز انتقال کر چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ سندھ میں کورونا وائرس کے نتیجے میں 543اموات ہوئیں اور اگست کے ایک ہفتے میں ہونے والی اموات 150 سے زائد ہیں، ڈاکٹرز تنظیمیں کہتی ہیں ویکسینیشن عمل کو تیز کیا جائے۔

حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کی چوتھی لہر میں اب کمی آنا شروع ہوئی ہے لیکن کراچی میں اب بھی ایک ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
 

Advertisement