کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں 10محرم الحرام کوبرآمد ہونےوالے جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کو مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منانےکےلئےانتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کر لیے، جلوس کے روٹس اور امام بارگاہوں کے گردونواح میں صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کےعلاوہ ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت کاکام مکمل کر لیا گیا۔
10 ویں محرم الحرام کے دن جلوس کے روٹ پر پولیس، بی سی اور آرآرجی سمیت 6500 ہزار سکیورٹی فورسز کے اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ بلند و بالا عمارتوں پر ایف سی کے شوٹرز تعینات ہوں گے، جلوس کے روٹ پر واقع دکانوں اور تجارتی مراکز کو سیل کرنےکاعمل جاری ہے۔
یوم عاشور پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ 250 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کے روٹ کی نگرانی کی جائیگی اورصبح 6 سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔