پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں: شیخ رشید

Published On 25 August,2021 11:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں، پڑوسی ملک میں سارے بھارتی قونصلیٹ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہے تھے، موجودہ حالات میں بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، طالبان کی طرف سے عام معافی کا اعلان مثبت اقدام ہے، دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں، ہم نے امریکا کا اتحادی ہونے کی بڑی قیمت ادا کی، ہم نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی اور لاکھوں افراد معذور ہوئے، حکومت پاکستان نے افغانستان میں انخلا کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، طالبان نے عام معافی دی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان پر افغان مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں ہے، طورخم اور چمن کے راستے کاروبار میں 15 فیصد اضافہ ہوا، 1500 لوگ طورخم سے ویزا کے ذریعے آئے جن میں افغانی شامل ہیں، ہمارا کام افغانستان سے آنیوالے غیر ملکیوں کو صرف طورخم پر پہنچانا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کا جملہ ایبسولوٹلی ناٹ دنیا بھر میں مشہور ہوا، بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، افغانستان میں تمام بھارتی سفارتخانے پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہے تھے، بھارت سی پیک کیخلاف سازش میں ملوث ہے، 131 چینی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں ہاتھ بڑھا رہی ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔
 

Advertisement