عوام مہنگائی اور بیروز گاری سے پریشان، غریب مر رہا ہے: شیخ رشید

Published On 03 December,2025 11:20 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کے عوام مہنگائی اور بیروز گاری سے پریشان ہیں، غریب مر رہا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو کیس میں 17 تاریخ پڑی ہے، سارے کیسوں کی حالت سب کے سامنے ہیں، میں تو پاکستان میں نہیں تھا، اس کے باوجود کیس بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ میرے بھتیجے نے فیصل آباد نہیں دیکھا اسے چالیس سال کی سزا ہوگئی، جائیداد ضبطگی کا حکم بھی آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ عوام مہنگائی اور بیروز گاری سے پریشان ہیں، غریب مر رہا ہے، غربت کے مارے لوگ بچوں کو سکول اور کالجوں سے ہٹا رہے ہیں، مساجد میں بھی اعلان کرایا ہے بچیوں کو پڑھایا جائے، آج پڑھانے والے زیادہ ہیں پڑھنے والے کم ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے والدین سے اپیل کی کہ بچیوں کو پڑھائیں ہم نے بڑی محنت کی ہے، کالجوں کی تعداد اتنی کم ہو چکی ہے کہ کالج کالج ہی دکھائی نہیں دیتے، بچوں کو تعلیم کیلئے بھیجیں کوئی مسئلہ ہو تو لال حویلی رابطہ کریں۔