جدہ: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ کا دورہ کیا، بندرگاہ آمد پر میزبان بحریہ اور پاکستانی سفارتی حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سعودی بحریہ کے کمانڈر ویسٹرن فلِیٹ کمانڈ اور کمانڈر ویسٹرن نیول ایویشن نے پی این ایس ذوالفقار کا دورہ کیا۔ میزبان حکام نے مشن کمانڈر اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے سعودی عرب کے عوام بالخصوص سعودی بحریہ کیلئے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
جدہ آمد سے قبل پی این ایس ذوالفقار نے بحیرہ روم میں ترک اور اطالوی بحریہ کے ہمراہ دو طرفہ بحری مشق میں حصہ لیا۔ مشقوں کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا سعودی عرب کا دورہ، ترک اور اطالوی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں شرکت دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔