’رواں سال کے آخر تک ڈیڑھ ارب درخت لگانے کا ہدف پورا ہو جائیگا‘

Published On 01 September,2021 10:38 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ ٹین بلین ٹری سونامی کا منصوبے کے تحت ملک میں رواں سال کے آخر تک ڈیڑھ ارب درخت لگانے کا ہدف پورا ہو جائے گا۔

موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کا کلین گرین پروگرام دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں، پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات 2021ء کی کامیابی کو عالمی سطح پر زبردست پزیرائی ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کامیاب گرین سفارتکاری کی بدولت سعودی عرب اور امریکا کے ساتھ ماحولیات کے شعبہ میں تعلقات نئے سرے سے استوار ہوئے ہیں، ٹین بلین ٹری سونامی اور اس سے منسلک دیگر گرین منصوبوں کا نہ صرف عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے بلکہ انہیں ماڈل کے طور پر اپنایا بھی جا رہا ہے، اپوزیشن بھی ابھرتے ہوئے پاکستان کی علامت اس منصوبے کی مخالفت کی بجائے آگے بڑھے اور پودا لگا کر اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے صاف و سرسبز پاکستان ویژن کے تحت پہلے خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے گئے جبکہ اس سے پانچ لاکھ لوگوں کو روزگار بھی ملا ہے، اس منصوبے کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے لئے ٹین بلین ٹری سونامی کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ملک میں اس سال کے آخر تک ڈیڑھ ارب درخت لگانے کا ہدف پورا ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی حکومت نے قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے پروٹیکٹڈ ایریاز کا منصوبہ بھی شروع کیا جس کے تحت 15 نئے نیشنل پارکس قائم کئے گئے، اب ملک میں نیشنل پارکس کی تعداد 30 سے بڑھ کر 45 ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے سر سبز منصوبوں کا مقصد صرف درخت لگانا نہیں بلکہ ماحول دوست روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنا ہے، کووڈ۔ 19 کے دوران ان منصوبوں میں 85 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ عالمی بنک نے گرین سٹیمولس منصوبہ کے لئے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں جس پر اکتوبر سے کام شروع ہو جائے گا، وزیراعظم عمران خان اس کا افتتاح کریں گے۔ اس منصوبے سے دو لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیات کی سربراہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔

ملک امین اسلم نے موجودہ حکومت کے گرین منصوبوں کو پاکستان کی پہچان قرار دیا ہے۔ پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی کامیابی کے حوالے سے اپنے خط میں یو این انوائرمنٹ کی سربراہ نے کہا کہ اس سال پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب کی نشریات 17 کروڑ لوگوں نے دیکھیں، یو این انوائرمنٹ کی ویب سائٹ پر 15 لاکھ لوگوں نے لائیو سٹریمنگ کی، سوشل میڈیا پر اس بارے میں 16 کروڑ لوگوں نے ہیش ٹیگ کیا، دنیا کے 174 ممالک میں 37 مختلف زبانوں میں اس پر 42 ہزار مضامین شائع ہوئے۔
 

Advertisement