اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چینی اور ایل این جی کی ڈکیتی کے بعد گندم خریداری کی مہنگی ڈیل میں ایک اور دیہاڑی لگالی گئی۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں آٹا، چینی، کپاس امپورٹ ہو رہی ہے، حکومت نے مہنگی قیمت پر گندم درآمد کی منظوری دی، ساری امپورٹ عمران صاحب کے اے ٹی ایمز کر رہے ہیں، عمران صاحب کے وژن سے پہلے ہی چینی، ایل این جی کی درآمد سے قوم کو لوٹا جا چکا ہے، گندم امپورٹ کے ذریعے مزید اربوں روپے قوم کی جیب سے چرائے گئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سستا آٹا جب ملے تو نہ خریدو، مہنگا خریدو تاکہ عمران مافیا کی جیبیں بھریں، سستی کپاس جب ملے تو نہ خریدو، مہنگی خریدو تاکہ عمران مافیا کی جیبیں بھریں، جان بوجھ کے تب چیزیں لی جاتی ہے جب عمران مافیا کو فائدہ اور عوام کو نقصان ہو، جان بوجھ کر تاخیر کرو، مہنگے داموں امپورٹ کرو اور پھر وزارتوں کی سرزنش کے ڈرامے ؟ گندم امپورٹ کے ذریعے مزید اربوں روپے قوم کی جیب سے چرائے گئے۔