کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول 5 روپے مزید مہنگا ہوگیا، عمران خان قوم کے اچھے دن کب آئیں گے، ڈالر، پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوںگے تو ہر شے دسترس سے دور ہوتی چلی جائیگی، عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام رو رہی ہے اور عمران خان چین کی بانسری بجا رہے ہیں، بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے ؟ سستا پیٹرول دینے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنیوالے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کر رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔