خلاصہ
- لاہور: (چوہدری سجاد علی) جعفرآباد، بلوچستان کی ایک شام، سورج غروب ہو رہا تھا اور بینظیر اپنی اس زمین کو خاموشی سے دیکھ رہی تھی جو کبھی اس کے خاندان کی روزی روٹی کا ذریعہ تھی، آج وہاں دور دور تک صرف پانی ہی پانی تھا، 2022ء کے تباہ کن سیلاب نے اس کی فصلیں، جمع پونجی اور برسوں کی محنت پل بھر میں بہا دی، اس کی زبان پر صرف ایک جملہ تھا: ''سیلاب نے مجھ سے سب کچھ چھین لیا‘‘۔
یہ صرف ایک عورت کی کہانی نہیں بلکہ پاکستان کی لاکھوں خواتین کی مشترکہ حقیقت ہے، 2022ء کے سیلاب نے ملک کے تقریباً ایک تہائی حصے کو متاثر کیا تھا، مگر سب سے زیادہ نقصان خواتین، بچوں اور دیہی آبادی نے اٹھایا تھا، آج جب حالیہ مون سون کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خطرہ ایک بار پھر موجود ہے تو یہ حقیقت مزید واضح ہوگئی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ صرف امدادی سرگرمیوں سے نہیں بلکہ پیشگی منصوبہ بندی، پانی کے دانشمندانہ استعمال اور خواتین کی شمولیت سے ہی ممکن ہے۔
پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس بحران کا سب سے زیادہ اثر ان خواتین پر پڑتا ہے جو دیہی معیشت، زراعت، مویشی پالنے اور خوراک کی پیداوار میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، مگر زمین کی ملکیت، مالی وسائل اور سماجی تحفظ سے محروم رہتی ہیں۔
زرعی شعبے میں کام کرنے والی خواتین بے ترتیب بارشوں، شدید گرمی، خشک سالی اور فصلوں کی تباہی کا براہِ راست سامنا کر رہی ہیں، جب سیلاب آتا ہے تو صرف کھیت ہی نہیں ڈوبتے بلکہ روزگار، تعلیم، صحت اور خاندان کا معاشی استحکام بھی متاثر ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ موسمیاتی پالیسیوں میں خواتین کو مرکزی حیثیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
خوش آئند امر یہ ہے کہ حالیہ برسوں میں وفاقی اور صوبائی اداروں نے مون سون سے قبل حفاظتی انتظامات پر نسبتاً زیادہ توجہ دی ہے، دریاؤں اور ندی نالوں کی نگرانی، فلڈ وارننگ سسٹم، بندوں کی مضبوطی، حساس مقامات پر حفاظتی پشتوں کی تعمیر، ریسکیو اداروں کی پیشگی تعیناتی اور ممکنہ انخلاء کے منصوبے ایسے اقدامات ہیں جو جانی و مالی نقصان کو کم کر سکتے ہیں، تاہم ان اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مقامی آبادی خصوصاً خواتین، کسانوں اور کمیونٹی تنظیموں کو بھی اس عمل کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
پاکستان کیلئے اب وقت آ گیا ہے کہ سیلابی پانی کو صرف ایک آفت نہیں بلکہ ایک قیمتی قدرتی وسیلہ سمجھا جائے، ہر سال اربوں مکعب فٹ میٹھا پانی سمندر میں بہہ جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف ملک پانی کی قلت اور زیرزمین پانی کی تیزی سے گرتی سطح کا سامنا کر رہا ہے، اگر مناسب منصوبہ بندی کی جائے تو چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیم، ریٹینشن بیسن، حفاظتی جھیلیں اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کے تالاب نہ صرف سیلاب کی شدت کم کر سکتے ہیں بلکہ زرعی ضروریات بھی پوری کر سکتے ہیں۔
اسی طرح بارش کے پانی سے زیرزمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے (Groundwater Recharge) کیلئے قومی سطح پر مؤثر نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے، شہری علاقوں میں ری چارج ویلز، پرکولیشن ٹینک، بارشی پانی جمع کرنے کے ذخائر اور نئی تعمیرات میں رین واٹر ہارویسٹنگ کو لازمی قرار دیا جائے، دیہی علاقوں میں کھیتوں کے کنارے چھوٹے ذخیرہ آب، قدرتی آبی گزرگاہوں کی بحالی اور بارش کے پانی کو زمین میں جذب کرنے والے منصوبے زیرزمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یہ اقدامات خواتین کیلئے بھی معاشی تحفظ کا ذریعہ بن سکتے ہیں، جب پانی دستیاب ہوگا تو زرعی پیداوار بڑھے گی، مویشی پالنے میں آسانی ہوگی اور دیہی خواتین کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، اگر انہیں جدید زرعی ٹیکنالوجی، موسمی معلومات، آسان قرضوں، فصلوں کے بیمہ، مالی معاونت اور تربیت تک رسائی دی جائے تو وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
قدرتی آفات کے بعد خواتین کو صرف امداد کی مستحق نہیں بلکہ بحالی اور منصوبہ بندی کی شراکت دار سمجھنا ہوگا، مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں، واٹر مینجمنٹ پروگراموں اور موسمیاتی منصوبوں میں خواتین کی مؤثر نمائندگی نہ صرف بہتر فیصلوں کا باعث بنے گی بلکہ وسائل کے زیادہ منصفانہ استعمال کو بھی یقینی بنائے گی۔
حقیقت یہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیات کا مسئلہ نہیں بلکہ معاشی انصاف، سماجی مساوات اور قومی سلامتی کا بھی اہم چیلنج ہے، اگر پاکستان سیلاب سے بچاؤ کیلئے مضبوط بند، جدید وارننگ سسٹم، بارش کے پانی کے ذخیرے، زیرزمین آبی ذخائر کی ری فلنگ اور مربوط واٹر مینجمنٹ کو قومی ترجیح بنا دے اور اس پورے عمل میں خواتین کو فیصلہ سازی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکزی کردار دے تو نہ صرف سیلابی نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ پانی کی قلت، زرعی بحران اور دیہی غربت جیسے دیرینہ مسائل پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے، پائیدار مستقبل کا راستہ پانی کے بہتر انتظام اور خواتین کو بااختیار بنانے سے ہو کر گزرتا ہے اور یہی پاکستان کی حقیقی موسمیاتی حکمت عملی ہونی چاہیے۔