لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں 7 جوانوں کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے، ملک بھر سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے سانحہ جنوبی وزیرستان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کی عظمت کو سلام کرتے ہیں، ہر پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی دفاع کیلئے پاک افواج کیساتھ ہے، ملکی دفاع اور امن کیلئے جانوں کی قربانیاں دینے والی فوجی جوانوں پر قوم کو ناز ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ دہشت گرد پاکستانی افواج اور عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردی کیخلاف سب متحد ہیں، پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہے جو دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی، خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک افواج نے سب سے زیادہ قربانیں دی ہیں۔