وزیراعظم سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ملاقات، پناہ گاہوں کی صورتحال پر بریفنگ

Published On 23 September,2021 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے عمران خان کو پناہ گاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے جامع منصوبے پر بریفنگ دی۔

ملاقات میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا کہ پناہ گاہوں کی بہتری کے منصوبے پر تین مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائے گا، نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناگاہوں کے عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی، پالیسی پر عملدرامد کیلئے مرکزی بورڈ، انتظامی معاملات کیلئے ہر پناہ گاہ میں 4 رکنی بورڈ بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ سہولیات کے حوالے سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا، ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کو موبائل کے ذریعے با آسانی چلایا جا سکے گا، موجودہ پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کر کے ان کو حل کیا جائے گا، پناہ گاہوں کو اس مقصد کیلئے تعمیر کی گئیں عمارتوں میں منتقل کرنا منصوبے کا حصہ ہے، پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹر بھی کھولے جائیں گے، ون ونڈو سینٹر کے ذریعے اہل افراد کو دیگر احساس پروگرامز سے سہولیات لینے میں آسانی ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے، پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، پناہ گاہوں کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے، پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے، پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے، منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔
 

Advertisement