ملکی معاشی ترقی میں سڑکوں کا کردار اہم ترین ہے: وزیراعظم عمران خان

Published On 22 September,2021 04:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے۔ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کو راولپنڈی تا کھاریاں، میانوالی تا مظفرگڑھ اور حیدرآباد تا سکھر شاہراؤں پر پیشرفت کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سابقہ دورحکومت کے 3 سالوں میں 645 کلومیٹر کی سڑکیں تعمیر ہوئیں۔ موجودہ حکومت کے 3 سالوں میں کل 1753 کلومیٹر لمبائی کی سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 3 سالوں کے دوران 6118 کلومیٹر لمبائی پر مشتمل سڑکوں کی منصوبہ بندی مکمل کی گئی، مالی سال میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی 27 منصوبے مکمل کر لے گی، بلوچستان میں 3 ہزار کلومیٹر سے زیادہ کی سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے، معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، اچھی سڑکوں کی وجہ سے گاڑیوں کی مرمت اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے اخراجات بھی کم ہو جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مواصلات کے اہم اور بڑے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا خود جا ئزہ لوں گا، منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لیے فنڈز کا اجرا یقینی بنایا جائے۔
 

Advertisement