اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات کو 'حساس' قرار دیتے ہوئے شہری کو تفصیلات فراہمی سے انکار کر دیا۔
کابینہ ڈویژن نے شہری کو تفصیلات دینے کے حوالے سے انفارمیشن کمیشن آف پاکستان کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عتیق الرحمان صدیقی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، آئی سی پی کے حکم کیخلاف دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سربراہان مملکت کے درمیان تحائف کاتبادلہ بین الریاستی تعلقات کا عکاس ہوتاہے۔ ایسے تحائف کی تفصیل جاری کرنے سے میڈیا ہائپ اور غیرضروری خبریں پھیلیں گی، بے بنیاد خبریں پھیلنے سے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی وقار مجروح ہوگا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کابینہ ڈویژن کی درخواست پر پاکستان انفارمیشن آف کمیشن اور شہری ابرار خالد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔