کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی سرکلر ریلوے کے پہلے فیز کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ کراچی سرکلر ریلوے 29 کلو میٹر طویل ہوگی جس پر 207 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ منصوبہ دو برس میں مکمل ہوگا، یکطرفہ کرایہ 50 روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے کراچی میں ٹرانسپورٹ مسائل کے حل کے لیے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری دی۔ اس منصوبے کے تحت سرکلر ریلوے کے لیے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا اور ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی۔ اس منصوبے سے یومیہ 3 سے 5 لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔
کراچی سرکلر ریلوے کے پہلے فیز کی سنگ بنیاد کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بہتری کیلئے وفاق اور سندھ کو مل کر چلنا ہو گا، شہروں پر دباؤ ہے، تمام سیاسی اختلافات بھلا کر مستقبل کی پلاننگ کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کراچی کی اہمیت کا پوری طرح اندازہ نہیں لگایا گیا، کراچی 70 کی دہائی میں ترقی کرنے لگا تو انتشار پھیلا دیا گیا، کراچی کے مسائل سے پورا ملک متاثر ہوا ہے، اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے، کسی بھی شہر کیلئے اس کے ٹرانسپورٹ کا نظام اہم ہوتا ہے، آج بڑا دن ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید کے سی آر منصوبہ پاکستان میں تاریخ رقم کرے گا، اس منصوبے سے کراچی کے شہریوں کی سفری مشکلات کم ہوں گی، بدقسمتی سے کراچی ترقی کے بجائے کچرا کنڈی بن گیا، ہم ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہں، کراچی کو جدید ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا سہرا وزیراعظم کے سر ہے۔
وفاقی منصوبہ بندی و سربراہ این سی او (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت نے مل کر فیصلے کیے، دہائیوں پرانے منصوبے اب حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔