اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات فوا دچودھری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیدی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر تنقید کی تھی جس پر ادارے نے جوابی رد عمل دیا تھا اس پر وفاقی وزراء فواد چودھری، اعظم سواتی نے پریس کانفرنس کر کے ایک مرتبہ پھر ادارے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس تنقید کے بعد الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو نوٹس بھیجا تھا۔ اس نوٹس کے جواب میں دونوں وزراء نے الیکشن کمیشن سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی تھی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فواد چودھری اور اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی ہے، الیکشن کمیشن نے دونوں وزراء کو تین ہفتوں تک جواب جمع کرانے کی مہلت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقررہ وقت میں جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں وزراء کے خلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، الزامات کے ثبوت فراہم نہ کرنے کی صورت میں وزراء کے خلاف توہین کمیشن کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے والے دن جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کئی دفعہ اختلاف بھی ہوجاتے ہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ معاملات بہتر ہو جائیں گے۔