کراچی: (دنیا نیوز) خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کراچی والوں سے مردم شماری کا وعدہ بھی پورا کر رہے ہیں، اس سے مسائل حل ہوں گے، وزیراعظم سندھ میں گورنر راج لگانا نہیں چاہتے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری سے وسائل کی بہتر تقسیم ہوسکے گی۔ ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان سندھ میں گورنر راج لگانا نہیں چاہتے، وزیر اعظم نہیں چاہتے کہ صوبے پر انگلیاں اٹھیں۔
سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ مردم شماری جدید بنیادوں ہر کرائی جائے گی، سندھ حکومت کو ابھی بتا رہے ہیں، کوئی اعتراض ہے تو بتائے، مردم شماری کرنے کے بعد کوئی اعتراض قبول نہیں کیا جائے گا۔