لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد برائے جنوبی ایشیا تعلقات نے ملاقات کی۔ جس میں یورپی یونین کے وفد نے گورنر پنجاب کو جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔
ملاقات کرنے والے وفد میں یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر ہادی ہوتیلا اور ایم ای پی مسٹر نکولا پروکاسینی اوردیگر ارکان شامل تھے۔ فریقین نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے تعمیری شراکت داری کی بنیاد پر مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کیلئے پاکستانی کردار کو بھی سراہا۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے بھی وفد کو بتایا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین افغانستان میں محاذ آرائی کے خاتمے اور دیرپا امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
چودھری سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن کیساتھ کھڑا ہے، مضبوط افغانستان پوری دنیا کے مفاد میں ہے، دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیں دیں، خطے میں امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل لازم ہو چکا ہے۔