لاہور:(دنیا نیوز)ہائیکورٹ نے سموگ پر قابو نہ پانے اور کوڑا نہ اٹھانے کے معاملے پر وائس چیئرمین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوجواب داخل کرانے کیلئے18نومبرتک مہلت دے دی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ عدالتی احکامات کے باوجود ابھی تک شہر میں صفائی کا موثر انتظام نہیں کیا جا سکا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اپنے جواب میں واضح کیا کہ انہیں درخواست میں فریق نہیں بنایا گیا جبکہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
عدالت نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کا جواب داخل نہ کرانے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور جواب داخل کرنے کی ہدایت کی جبکہ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے اور جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں۔ درخواست پر مزید کارروائی 18 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔