اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ ثاقب نثار کی جھوٹی آڈیو ریلیز کی گئی، یہ پہلے بھی جھوٹی خبر دے کر معافی مانگ چکے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے وائرل کلپ کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ریلیز کرنے والے نوازشریف کی بے گناہی کی جھوٹی خبر دے کر معافی مانگ چکے، اگر آڈیو ویڈیو کی بات کرنی ہے تو پہلے قیوم ملک کی بات کی جائے، مسلم لیگ ن والے جس طرح پہلے قطری خطوں میں بدنام ہوئے، اب بھی ایسا ہی ہوگا۔
ادھر لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فرانزک کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ آواز ثاقب نثار ہی کی ہے، ایک دن حق اور سچ سامنے آکر ہی رہتا ہے۔ نواز شریف، مریم کی سزا عدل کے ہر پیمانے کے مطابق ختم ہوچکی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنی نے آواز کے حقیقی اور درست ہونے کا سائنسی تجزیہ کیا ہے، امریکی کمپنی نے تصدیق کی کہ آواز ثاقب نثار ہی کی ہے، اعمال نامہ حاضر ہے جناب کا، گناہ پرعذر پیش کرنا بدترین گناہوں میں سے ہے۔