خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کو خصوصی ڈوڈل کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کی خوشیاں صرف اندرون ملک ہی تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی آج ارض پاک کا یوم آزادی منا رہے ہیں، اس خوشی میں ڈیجیٹل دنیا پر بھی سبز ہلالی رنگ نمایاں ہوگیا ہے۔
دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے 14 اگست 2026ء کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنا روایتی لوگو تبدیل کرکے خصوصی ڈوڈل پیش کیا ہے۔
پاکستان میں گوگل کا ہوم پیج کھولنے والے صارفین کو آج معمول کے رنگین Google لوگو کے بجائے پاکستان کے قومی پرچم سے مزین خصوصی ڈوڈل دکھائی دے رہا ہے، اس طرح ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی پاکستان کے یومِ آزادی کی جھلک نظر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ گوگل دنیا کے مختلف ممالک کے قومی دنوں، تاریخی واقعات، اہم شخصیات، سائنسی کامیابیوں اور ثقافتی مواقع کو اپنے خصوصی Google Doodles کے ذریعے نمایاں کرتا ہے، عام دنوں میں دکھائی دینے والا Google کا روایتی لوگو ایسے مواقع پر ایک منفرد آرٹ ورک میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
اسی روایت کو جاری رکھتے ہوئے آج 14 اگست کو پاکستان کے لیے بھی خصوصی ڈوڈل پیش کیا گیا ہے، رواں سال کا ڈیزائن پاکستانی پرچم کے تھیم پر مبنی ہے اور قومی دن کی مناسبت سے سبز و سفید شناخت کو نمایاں کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل کی جانب سے پاکستان کے یومِ آزادی کو ڈوڈل کے ذریعے منانے کا سلسلہ نیا نہیں ہے۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کمپنی پاکستان کے قومی دن پر مختلف ایسے ڈیزائن پیش کرتی رہی ہے جن میں ملک کی تاریخ، ثقافت، قدرت، فن اور فنِ تعمیر کو جگہ دی گئی۔
گوگل کے پاکستان سے متعلق ڈوڈلز کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو کبھی قومی پرچم، کبھی تاریخی عمارتیں اور کبھی پاکستان کی منفرد ثقافتی و قدرتی شناخت عالمی ڈیجیٹل اسکرین پر جگہ بناتی رہی ہے۔