پنجاب میں دھند کا راج، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند

Published On 17 December,2021 09:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند کرنا پڑی، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث مختلف شہروں میں کئی مقامات پر صبح کے وقت حد نگاہ کم رہی، جھنگ، صادق آباد، اوچ شریف میں دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، بہاولنگر، چشتیاں، حافظ آباد میں بھی دھند چھائی رہی۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ دھند بڑھنے سے لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیر سے مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کر دی۔ نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
 

Advertisement