اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحصیل بکا خیل میں بدامنی اور پری پول دھاندلی سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد، ان کے بیٹے اور بھائی کو نوٹس جاری کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تحصیل بکا خیل میں بدامنی اور پری پول دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ڈی آر او، آر او، ڈی پی او سمیت الیکشن کمیشن کے حکام پیش ہوئے۔ جے یو آئی امیدوار کے وکیل کامران مرتضی بھی پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے 17 تا 18 دسمبر کے دوران آر او، ڈی آر او، ڈی پی او کے ٹیلیفون کالز کا ریکارڈ مانگ لیا۔
کامران مرتضی نے کہا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، ان کے بھائی اور بیٹے نے انتخابی مواد چرایا، ایف آئی آر میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کو بچانے والا نہیں بچے گا۔ معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انتہا ہوگئی، خواتین سمیت دیگر پولنگ عملہ کو اغوا کیا گیا۔
ڈی آر او نے بتایا کہ رپورٹ ملی تو کارروائی کی، پوری تحصیل بکا خیل میں پولنگ ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او بنوں کی سرزنش کی۔ ڈی پی او نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے پولنگ اسٹیشنز پر حملہ کیا، ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ابھی تک 18 لوگوں کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد، ان کے بیٹے اور بھائی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کر دی۔