گوجرانوالہ:(دنیا نیوز) سری لنکن شہری پریانتھا کمارا مقدمہ قتل کی پولیس تفتیش مکمل ہوگئی اور 7 مرکزی ملزمان کے حتمی کردار کا تعین کر لیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ پولیس کے مطابق ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا پر قینچی سے وار کیے ، حملے میں استعمال ہونے والی دونوں قینچیاں برآمد ہو گئی ہیں ، ملزم حافظ تیمور نے اینٹ کا بنا بلاک پریانتھا پر مارا تھا اور ملزم علی اصغر نے نعش کو آگ لگائی ۔
پولیس کی جانب سے اپنی تفتیش میں مزید کہا گیا کہ آگ لگانے کیلئے جو لائٹر استعمال ہوا وہ بھی برآمد ہو گیا ہے ، ملزم شہریار اور بلال نے بیرونی دروازہ توڑ کر ہجوم کو اندر بلایا ، ملزم عبد الصبور بٹ نے فیکٹری ورکرز کو حملے کیلئے اکسایا تھا جبکہ ساتوں ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے زیر دفعہ 164 کے اپنے بیانات بھی ریکارڈ کروائے ہیں،7 ملزمان سے تفتیش مکمل ہونے پر انھیں گوجرانوالہ جیل میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ پریانتھا کیس کے 7 ملزمان کو سپیشل سیل میں رکھا گیا ہے۔