اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، مشیر قومی سلامتی معید یوسف ، وفاقی وزیر شوکت ترین، فواد چودھری ، اسد عمر، حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد اور فرخ حبیب شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو پاکستان اور چین کے مابین سی پیک، سپیشل اکنامک زونز، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے جاری ٹھوس منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انڈسٹریل زونز پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم تھری اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کیلئے 600 ایکڑ اراضی میسر کردی گئی ہے، بجلی کی فراہمی کے بعد انفراسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے، سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا، پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے تمام اقدامات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے، صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر سپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنا رہی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم تین روزہ دورے پر آج چین روانہ ہوں گے ،چینی صدراور ہم منصب سے ملاقاتیں شیڈول ہیں ، دونوں ملکوں کے درمیان متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہونگے اور عمران خان ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔