سعودی فورسز کا دستہ تربیت کے لیے ملتان گیریژن پہنچ گیا

Published On 08 February,2022 05:00 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سعودی فورسز کا دستہ تربیت کے لیے ملتان گیریژن پہنچ گیا، جہاں پر دستہ دو ماہ تک تربیت حاصل کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے لیے رائل سعودی فورسز کا دستہ ملتان گیریژن میں تربیت کے لیے پہنچ گیا۔

بیان کے مطابق رائل سعودی فورسز کا دستہ ملتان گیریژن میں دو ماہ تک تربیت حاصل کرے گا، ملتان گیریژن میں افتتاحی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ میجرجنرل ظفر اقبال مروت کی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ تربیت کا مقصد جامع تربیتی پروگرام کے ذریعے علم کو مضبوط، بانٹنا ہے۔ مشقوں، طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا جائے گا اور ان کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی کی مشقیں کی جائیں گی۔
 

Advertisement