میلسی:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں صرف دعوے کیے گئے، تحریک انصاف کی حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام بڑا ثبوت، عوامی خدمت کا تسلسل جاری رہے گا۔
میلسی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف دعوے کیے، پی ٹی آئی نے دعوے نہیں کیے عملی کام کیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا، جنوبی پنجاب کیلئے بھرتیوں میں 33 فیصد کوٹہ مختص کردیا ہے، تمام وعدے پورے کیے جو رہ گئے وہ بھی پورے کریں گے۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ضلع وہاڑی میں یونیورسٹی بنائی جائے گی، بورے والا میں بائی پاس بھی بنایا جائے گا، میلسی میں سٹیڈیم بھی بنایا جائے گا، میلسی میں سیوریج کے مسائل کیلئے گرانٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مارچ کے آخر تک تمام خاندانوں کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوگا، ملتان وہاڑی شاہراہ کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا۔