لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پرامن پاکستان جیت گیا اور امن دشمن ہار گئے، پاکستان سپر لیگ سیون کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین رہیں۔ تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا، پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، محب وطن پاکستانیوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ میچوں میں عوام کے جوش و خروش سے پوری دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستانی قوم پرامن قوم ہے، پی ایس ایل نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں، پاکستان کے سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو پرامن ماحول میں میچوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا، پاکستان آمد پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔