پی ایس ایل7: لاہور قلندرز کو شکست، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز فائنل میں داخل

Published On 23 February,2022 06:55 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دیکر دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 جاری ہے، قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سلطانز  کے قائد رضوان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

لاہور قلندرز اننگز

شاہین الیون 164 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 135 رنز بناسکی، فخر زمان نے سب سے زیادہ 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی، عبداللہ شفیق 5، کامران غلام 20، محمد حفیظ صفر، ہیری بروک 13، سمت پٹیل 11 ، فل سالٹ اور شاہین آفریدی 1،1  اور ڈیوڈ ویزے 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ حارث رؤف اور زمان خان ناٹ آؤٹ رہے۔

 فاتح ٹیم کی جانب سے شاہنواز دھانی نے شاندار باؤلنگ کراتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، آصف آفریدی ،رومان رئیس اور خوشدل شاہ نے 1،1 اور آصف آفریدی نے 2 وکٹ حاصل کیں۔

ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کو 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ملتان سلطانز اننگز

 ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ شان مسعود دو اور عامر عظمت 33 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ 

اس دوران محمد رضوان اور ریلی روسو نے زبردست باری کھیلی۔ دونوں کے درمیان 113 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔  دونوں نے بالترتیب 53 اور 65 رنز بنائے۔  محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

لاہور قلندرز سکواڈ

ملتان سلطانز کے خلاف میچ کے لئے لاہور قلندرز کے سکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویزے، سمت پٹیل، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔

 ملتان سلطانز سکواڈ

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے لئے ملتان سلطانز کے سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، عامر عظمت، رائیلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہر اور شاہنواز دھانی شامل تھے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پشاورزلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ایلمنیٹر 1 کا میچ کھیلا جائے گا اس میں جو ٹیم جیتے گی وہ ایلمنیٹر 2 میں لاہور قلندرز سے ٹکرائے گی جبکہ فیصلہ کن معرکہ 27 فروری کو ہوگا۔