لاہور: (دنیا نیوز) ملتان سلطانز کے ٹم ڈیوڈ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل کھلاڑیوں کی معمول کے مطابق پی سی آر ٹیسٹنگ کی گئی جس میں ٹم ڈیوڈ کا کورونا کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ میچ سے قبل ملتان سلطانز کے پورے اسکواڈ کا کوویڈ ٹیسٹ دوبارہ کیا جائے گا۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
خیال رہے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گے۔ شام ساڑھے سات بجے قذافی سٹیڈیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرزپی ایس ایل سیون میں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکے، کراچی میں ہونے والا مقابلہ سلطانز کے نام رہا تو لاہور میں قلندرز نے میدان مار لیا۔
ایونٹ کے بہترین بلے باز کے لیے بھی دونوں ٹیموں کے درمیان تگڑا مقابلہ جاری ہے۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان 521 رنز بنا کر سر فہرست ہیں، 479 رنز کے ساتھ محمد رضوان کی دوسری پوزیشن ہے۔ ریکارڈ نو مقابلے جیت کر پلے آف تک پہنچنے والی ٹیم ملتان سلطان جیت کیلئے پر عزم ہے۔
ٹیم لاہور قلندرز نے بھی فتح کے ساتھ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر نظریں جما لیں۔ دونوں ٹیمیں اب تک ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیل چکی ہیں۔ ایونٹ کا پہلا ایلیمنیٹر پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کل کھیلا جائیگا۔