پی ایس ایل8: سلطانز کو شکست، دفاعی چیمپئن قلندرز کا فاتحانہ آغاز

Published On 14 February,2023 01:27 am

ملتان : ( دنیا نیوز ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے 8 ویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 1 رن سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر لیا، ملتان سلطانز 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بناسکی، فاتح ٹیم کے کھلاڑی فخر زمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور کی جانب سے دیے گئے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان 100 کے مجموعے پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن پھر وہ بھی 75 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر 20 گیندوں پر 25 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ پولارڈ بھی 12 گیندوں پر 20 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم میچ کے اختتامی مراحل میں خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت کی ۔

اننگ کی آخری 2 گیندوں پر ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 10 درکار تھے لیکن خوشدل شاہ ان دونوں گیندوں پر صرف باؤنڈری ہی لگا سکے اور یوں میزبان ٹیم صرف 1 رنز شکست کھا گئی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف ، زمان خان اور حسین طلعت نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے، فخر زمان اور طاہر بیگ نے اننگز کا آغاز کیا ، 61 کے مجموعی سکور پر طاہر بیگ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ فخر زمان نے ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی سکور کی اور 66 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، شائی ہوپ 19 اور کامران غلام 3 رنز کی اننگ کھیل سکے۔

دیگر بیٹرز میں حسین طلعت 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، لاہور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا سکی، سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور احسان اللہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے درمیان میچ 15 منٹ تاخیر سے 8 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا تھا، میچ شروع ہونے سے پہلے ترکیہ میں جاں بحق افراد کےلیے دعائے مغفرت کی گئی۔